(علی ساہی) زہریلی شراب کی ہلاکت خیزی سے کئی گھروں کے چراغ گُل ہوگئے، محکمہ ایکسائز نے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، انسپکٹر قمر شاہ کی سربراہی میں 4 ٹیمیں تشکیل دے دیں گئیں،مختلف علاقوں کی ناکہ بندی اور اچانک چھاپوں کے احکامات جاری کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایکسائز نےجعلی زہریلی شراب کےخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا،شہرکےمختلف علاقوں میں ناکہ بندی اوراچانک چھاپوں کا حکم دے دیا،انسپکٹرقمرشاہ کی سربراہی میں 4ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں،ای ٹی او فیصل سندھو نے ٹیموں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا،ای ٹی او فیصل سندھو کا کہناتھا کہ زہریلی شراب سے متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، زہریلی شراب کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں گے،ان کا مزید کہناتھا کہ شہری زہریلی شراب کی فروخت کی اطلاع ایکسائز کودیں۔
واضح رہے کہ ستوکتلہ پولیس نے کارروائی کرکے زہریلی شراب بیچنے والے کو گرفتار کیا تھا، ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں دیسی شراب برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ ستوکتلہ کے علاقے میں زہریلی شراب بنائی جارہی ہے، جس پر پولیس نے مخبر کی بتائی ہوئی جگہ پر ریڈ کرکے ملزم عدیل کو گرفتار کرکے سو لیٹر سے زائد زہریلی شراب برآمد کی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیاکہ وہ شہر بھر میں شراب فروشی کا کاروبار کرتا تھا، ملزم کو حراست میں لے کر شراب فروشی کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے، علاوہ ازیں پرانی انار کلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کچی شراب فروخت کرنیوالے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے چار سو لیٹر شراب برآمد ہوئی تھی۔
ایس ایچ او انار کلی سہیل رضا کاظمی کا کہنا تھا کہ ملزم عبدالمنان عرصہ دراز سے اس مکروہ دھندے میں ملوث تھا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔منشیات فروشوں کےخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں گے اور ان کا خاتمہ ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔