(جنید ریاض)سیس تصدیق کے نتیجہ میں سکولوں میں جعلی بچوں کی انرولمنٹ کرکے پیف سے فنڈز وصول کر نےوالے13 سکولوں کو بلیک لسٹ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سکول انفارمیشن سسٹم کی تصدیق کے نتیجہ میں پیف سےجعلی بچوں کے فنڈز وصول کرنے والے13 سکولوں کو بلیک لسٹ کردیا گیا۔ بلیک لسٹ کیے جانے والےسکولوں میں پاکستان انٹرنیشنل راولپنڈی ،برائٹ سٹار سکول دیونا منڈی اور ایجوکیشن ہاؤس دیونگر شامل ہیں۔سٹار لائٹ سرگودھا،صلح ماڈل لنڈوپور روڈ ،آغاز ماڈل سکول مانگا روڈ،ساغرماڈل سکول،ناصر ہائی سکول اوردی لاہور انگلش ماڈل سکول شامل ہیں۔
اسی طرح البلال ہائی سکول،اقبال ماڈل بوائز ہائی سکول،الحمرا سکول اور جناح ماڈل سکول بھی شامل ہیں۔ سکول ایجوکیشن کے مطابق مذکورہ سکولوں کےخلاف قانونی کارروائی سمیت وظیفہ کی رقم بھی واپس وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر کے تمام سرکاری سکولوں کو جعلی انرولمنٹ کرنے سے روک دیا، اب سکولوں میں بچوں کے داخلوں کے لئےوالدین کو ب فارم جمع کروانالازمی ہوگا۔پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں 69 فیصد جعلی انرولمنٹ کا انکشاف ہوا تھا جس کا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا، ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر بھر کے تمام سرکاری سکولوں کو جعلی انرولمنٹ کرنے سے روک دیا ہے،ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا کہ تمام سکول سربراہان بچوں کے داخلوں سے قبل والدین سے (ب) فارم لازمی وصول کریں گے۔
مراسلہ میں مزید کہا گیاہے کہ ب فارم کے اندراج کے بغیر کسی بھی طالبعلم کا داخلہ نہیں کیا جائے گا جبکہ جعلی انرولمنٹ کرنیوالے سکول سربراہان کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
یادرہے کہ گزشتہ برسوں میں پنجاب میں 70 لاکھ کے قریب اور لاہور کے مختلف سکولوں میں 35 ہزار سے زائد بچوں کے جعلی داخلوں کا انکشاف ہوا ہے۔