شہباز شریف نے خواجہ آصف کو بڑا ٹاسک دیدیا

28 Jun, 2020 | 12:41 PM

Sughra Afzal

ماڈل ٹاؤن (عمراسلم) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف نے خواجہ آصف کو  تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے  کا ٹاسک دیدیا، اپوزیشن مل کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی واپسی کا مطالبہ کرے گی۔

صدرمسلم لیگ (ن) میاں محمد شہبازشریف نے خواجہ آصف کو ہدایت کی کہ ملکی تاریخ کے بلند ترین 33 فیصد اضافے کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں احتجاج میں شامل ہوں، اپوزیشن نے حکومتی سرپرستی میں سرگرم چینی کے بعد پٹرول مافیا کو پارلیمنٹ میں بے نقاب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عوام کی زندگی پہلے ہی اجیرن بن چکی ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں گزشتہ کمی کا فائدہ بھی عوام کو نہیں دیا تھا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے۔

 پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ اقتدار میں آنے والے شوٹرز عوام کی بجائے مافیا کے مفادات کی خدمت کر رہے ہیں۔

یادرہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کردیں، جس کااطلاق 26 جون 2020ءسے ہوگیا، پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے،حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کیا ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے لیے قواعد ضوابط کو مدنظر نہیں رکھا گیا، عدالت سے استدعا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

مزیدخبریں