شاہراہ تجارت (شہزاد خان) لاہورچیمبرزنے 25 روپے فی لٹر اضافے کو مسترد کردیا۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید نے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 25 روپے اضافہ ناقابل قبول ہے۔
صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو صنعت وتجارت اور عام آدمی کیلئے تباہ کن قرار دیدیا۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ 25 روپے اضافہ عوام اور بزنس کمیونٹی کیساتھ زیادتی ہے۔نائب صدر لاہور چیمبر میاں زاہد جاوید نے بھی پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر سخت ردعمل دیا.
میاں زاہد جاوید نے کہا کہ جب پٹرول سستا ہوا تو مافیانے غائب کردیا اور اب وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرول پمپس توقع سے بڑھ کر کر گرا دیا ۔اس سے مہنگائی کا طوفان جنم لے گا اور عام آدمی پس کر رہ جائے گا۔لاہور چیمبر کے عہدیدران نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم نظر ثانی کریں تاریخ میں کبھی یکمشت 35 فیصد قیمتیں نہیں بڑھیں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور بجٹ کو ظالمانہ قراردیتے ہوئے مسترد کردیا،آئندہ ہفتے اے پی سی بلانے پراتفاق ہواہے،پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے شہبازشریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جب کہ لیگی صدر نے مزاج پرسی اور نیک تمناؤں پر بلاول کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ملک کو درپیش صورتحال پر آئندہ ہفتے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر مشاورت کی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بلاول سے سابق صدر آصف زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان سے والد کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔