لاہوریئے ہوجائیں ہوشیار خبردار، اب کوڑا کرکٹ پھینکنے پر بھی چالان ہوگا

28 Jun, 2019 | 12:08 PM

Sughra Afzal

 (علی ساہی) سیف سٹی اتھارٹی کیمروں کی مدد سے واسا کے نالوں اور سیوریج سسٹم میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والے دوکاندار اور شہریوں کی نشاندہی اور ان کے چالان کیے جائیں گے۔

واسا کے اعلیٰ افسران سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول روم جاکر بھی واسا کے عملہ کی مانیٹرنگ کر سکیں گے، چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود نے واسا افسران کے ایک وفد کے ہمراہ سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈی ایم ڈی واسا اسلم خان نیازی اور ڈائریکٹرز آپریشن بھی وائس چئیرمین کے ہمراہ تھے۔

وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود اور واسا کے وفد نے چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی اتھارٹی اکبر ناصر خان اور ڈی ایس پی شاہد چدھڑ سے ملاقات کی، وائس چئیرمین واسا نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کے عہدیدار روزانہ کی بنیاد پر واسا سے متعلق شکایات بذریعہ ای میل کمپلینٹ مانیٹرنگ سیل واسا ہیڈ آفس ارسال کریں گے۔

سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کیلئے کمپلینٹ مانیٹرنگ سیل سے متعلقہ افسران کو بھیجی جائیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی اپنے کیمروں کی مدد سے واسا کے نالوں اور سیوریج سسٹم میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والے دوکاندار اور شہریوں کی نشاندہی کریں اور فوری طور پر واسا کے کنٹرول روم کو اطلاع کریں تاکہ ان لوگوں کے چالان کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر سیف سٹی اتھارٹی ویڈیو فوٹیج بھی واسا کے ساتھ شئیر کریگا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے وائس چئیرمین واسا شیخ امتیاز محمود کو اس سلسلہ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی واسا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

مزیدخبریں