ویب ڈیسک : لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث چڑیا گھر کی مرکزی دیوار گر گئی ۔
چند منٹوں کی بارش نے بین الاقوامی طرز کے بنائے گئے چڑیا گھر کا پول کھول دیا ۔ چڑیا گھر کی مرکزی دیوار گرنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، البتہ ملبہ سڑک پر گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ۔ جس کے بعد جائے وقوعہ پر انتظامیہ نے اپنی لیبر کے ذریعے ملبہ سائیڈ پر کرکے روڈ کو صاف کیا۔
انتظامیہ کی جانب سے فی الوقت کوئی موقف نہیں دیا گیا ۔ پولیس انتظامیہ موقع پر موجود ہے، تاہم ٹریفک کو روڈ کے دونوں اطراف سے نقل و حرکت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
جانوروں کے پنجروں میں پانی جمع ہوگیا، سیاح جانور دیکھنے کی بجائے صرف پانی دیکھ کر مایوس لوٹنے لگے۔
کروڑوں کا پروجیکٹ افسران کی جیبیں گرم کر رہا جبکہ انتظامات بالکل صفر رہے ۔ ڈی جی وائلڈ لائف تاحال چڑیا گھر نہ پہنچ سکے ، صرف موبائل فون پر ہی صورتحال سے آگاہی رکھی جارہی ہے۔