ویب ڈیسک: نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میرنےشیخوپورہ میں یوم عاشور کےروٹس کادورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ بھی لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور اور ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی اور عامر میر نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور ڈی پی او شیخوپورہ کے ہمراہ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ہمراہ یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹس اور امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا۔
عامر میر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں،مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے وقت کی پابندی کروائی جائے۔
عامر میر نے مزید کہا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کیے جانے والے کنٹرول رومز میں مجالس اور جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے،مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں،جلوسوں کے روٹس پر پولیس کی وافر نفری تعینات کی جائے،اسلام رواداری ،محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے،محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،امن کو فروغ دینا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
عامر میر نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار بہترین کوآرڈینیشن کے ذریعے فرائض سر انجام دیں،پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے،عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔