شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں جلوس ومجالس

28 Jul, 2023 | 10:14 AM

Read more!

مانیٹرنگ ڈیسک:قتل حسینؑ اصل میں مرگ یزید ہے,اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد،حضرت امام حسین علیہ السلام کے جان نثاروں کی یاد میں آج 9 محرم الحرام پر لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے جارہے ہیں اور مجالس برپا کی جارہی ہیں۔

 آج نویں محرم الحرام کے روز لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ علم و ذوالجناح کےجلوس برآمد ہوں گے جن میں نبی کے گھرانے پر یزیدی فوج کے مظالم کے غم میں نوحہ خوانی اور ماتم کیا جائے گا۔کربلا میں تین روز تک بھوک اورپیاس کا سامنا کرنے والے اہل بیت کی یاد میں گلی محلوں میں پانی اورشربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جب کہ جگہ جگہ لنگر کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد کا مرکزی جلوس

اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ا ثنا عشری جی6 سےبرآمدہو گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی جگہ اختتام پذیر ہوگا۔پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 1685 اہلکار و افسران تعینات ہوں گے جن میں 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز اور 21 انسپکٹر بھی فرائض سر انجام دیں گے جب کہ جلوس کی سکیورٹی کے لیے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہوگی۔

کراچی کا مرکزی جلوس

کراچی میں نویں محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔کراچی پولیس چیف نے کہا کہ سکیورٹی پلان کے مطابق فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، عوام کو تحفظ کی فراہمی میں کسی بھی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائےگی۔

پشاور کا مرکزی جلوس

پشاور میں شہدائے کربلا حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی یاد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس آج امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ سے برآمد ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے لیے صدر روڈ اور اطراف کے تمام راستے مکمل سیل کردیے گئے ہیں جب کہ پشاور شہر سمیت صوبے کے 14 اضلاع میں موبائل فون سروس بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور کا مرکزی جلوس

نویں محرم الحرام کاپانڈوسٹریٹ اسلامپورہ سے شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس 10 بجے برآمد ہوا،جلوس سے قبل 9 بجے علامہ قمر عباس مجاہد  نےمجلس  پڑھی،مجلس میں اہل بیت پرہونے والے مصائب بیان کیے گئے،مجلس کے بعد شبیہ ذوالجناح کاجلوس عالمگیر روڈ سے ہوتا ہوا سراج بلڈنگ چوک پر پہنچے گا،سراج بلڈنگ چوک میں مولانا سید حسن عباس نقوی کی امامت میں نمازظہرین اداکی جائیگی،عزاداران حسین جلوس کے دوران ماتم داری اورگریہ زاری کررہےہیں۔

بلاک سیداں سے جلوس نوری بلڈنگ چوک ،اسلامپورہ مین بازارسےہوتاہواپرانی انارکلی پہنچےگا،پرانی انار کلی میں مولانا سید حسن عباس نقوی کی امامت میں نماز مغربین 7بجےاداکی جائے گی،نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد جلوس خیمہ سادات پہنچے گا،بعدازاں جلوس واپس انہی راستوں سے ہوتا ہوا سعدی روڈ اسلامپورہ پہنچے گا۔

مزیدخبریں