ویب ڈیسک : پاکستان کی مشہور اداکارہ حرا مانی نے دعا زہرا کے والدین اور اپنے مداحوں سے معافی منگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حرا مانی نے اپنے انسٹگرام کاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اداکارہ نے دعا زہرا کے والدین سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ دو دن پہلے میں نے ایک اسٹوری شیئر کی تھی، اسٹوری میں دعا زہرا اور ظہیر کے حق میں دعا کی گئی تھی، تب تک مجھے ظہیر اور دعا کیس کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا کہ یہ اغوا کا معاملہ ہے اور دعا زہرا بالغ نہیں ہے۔
حرا مانی کا کہنا تھا کہ میں چھٹیوں پر دبئی میں تھی اور میرے پاس تھوڑا وقت تھا تو میں نے سوشل میڈیا پر صرف کچھ ویڈیوز دیکھ کر اپنی رائے قائم کر لی جو کہ غلط تھی۔انہوں نے کہا کہ میں آپ سب سے معافی مانگتی کیوں کہ میں جانتی ہوں میری وجہ سے آپ کو تکلیف ہوئی ہے، مجھے بھی تکلیف ہوئی ہے، مجھے نہیں پتا تھا کہ دعا زہراکا کیس کیا ہے، مجھے مانی نے بٹھا کر دعا زہرا کا کیس دکھایا اور بتایا تو میں پریشان ہوگئی، کیوں کہ مجھے پتا ہے کہ دعا کے والدین کس کرب سے گزرے ہوں گے، میں بھی ایک بیٹی ہوں اور مجھے پتا ہے کہ میں اگر کبھی پریشان ہوتی تھی یا آج اگر میرے والدین ہوتے تو مجھے پریشان دیکھ کر کتنے پریشان ہوتے۔
حرا مانی نےیہ بھی کہا کہ یہ میری غلطی تھی، آپ یہ سمجھ لیں کہ میرے علم میں تھوڑی کمی تھی، اس لیے جذبات میں آ کر ایسا بیان دے دیا کیونکہ پیشے سے ایک اداکارہ ہوں تو جذبات بھی بہت ہیں، لیکن جذبات کا استعمال صحیح جگہ پر کرنا چاہیے جو میں کرتی بھی ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ انسان ہوں، مجھ سے غلطی ہوئی ہے اور اس لیے مجھے معافی مانگنے میں کوئی شرمندگی محسوس نہیں ہو رہی کہ اگر آپ غلط ہوں تو آپ کو معافی مانگنی چاہیے۔
حرا مانی نے مزید کہا کہ میں بلکل بھی چائلڈ میریج کے حق میں نہیں، اور میں کسی کے اغواء کے حق میں کیسے ہو سکتی ہوں؟ یہ سوشل میڈیا پر جو لوگ میرے بارے میں اس طرح کی غلط باتیں لکھ رہے ہیں مجھے اس کا بھی دکھ ہے اور دیکھیں اس لیے آج عامر لیاقت کے بعد مجھے ایسی ویڈیو بنانی پڑی۔اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میں اس بات پر 2 دن سے کافی پریشان بھی ہوں تو میں دعا زہرا کے والدین اور عوام سے معافی مانگتی ہوں، اللّٰہ تعالیٰ دعا زہرا کو اس کے واالدین کو، ہر بیٹی، ہر بہن اور ہر لڑکی کو اپنی حفاظت میں رکھے۔