ویب ڈیسک : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچویں دن ٹیسٹ میچ شروع ہوگیا ۔
گال ٹیسٹ کے آخری روز کے آغاز میں ہی پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی، امام الحق 49 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تیسرے دن کی طرح چوتھے دن کا کھیل بھی کم روشنی کی وجہ سے وقت سے پہلے روک دیا گیا تھا۔قومی ٹیم نے 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے دن کے اختتام تک 1 کھلاڑی کے نقصان پر 89 رنز بنائے تھے۔گزشتہ روز کھیل کے اختتام پر امام الحق 46 اور کپتان بابر اعظم 26 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ عبداللّٰہ شفیق 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 360 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا ہدف دیا تھا۔ سری لنکا کی طرف سے دننجیا ڈی سلوا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رمیش مینڈس نے ناقابلِ شکست 45 رنز بنائے۔سری لنکن کپتان دیمتھ کرونا رتنے 61 اور اینجیلو میتھیوز 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان علی، آغا سلمان اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 231 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جس سے سری لنکا کو دوسری اننگز شروع کرنے سے پہلے ہی 147 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔گرین کیپ کی اننگز کو کچھ سہارا سلمان آغا نے دیا، جو 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، امام الحق 32، محمد رضوان اور فواد عالم 24، 24 جبکہ کپتان بابر اعظم 16 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کی طرف سے رمیش مینڈس نے 5 اور پراباتھ جے سوریا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور دننجیا ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔چندی مل 80 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔