(عثمان خادم)لاہور میں موسلا دھار بارش جاری ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گزشتہ کئی گھنٹے سے وقفے وقفے سے شہر میں بارش برس رہی ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے تاہم نشیبی علاقوں میں پانی بھی کھڑا ہوگیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 48 گھنٹے تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق کئی روز کی گرمی اور حبس کے بعد آج لاہور میں برکھا برسی اور ہر جانب جل تھل ہوگیا، گزشتہ کئی گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، گڑھی شاہو، ریلوے سٹیشن، میکلورڈ روڈ، شادمان، اقبال ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، کینٹ، اندرونِ لاہور میں موسلا دھار بارش کا سلسہ جاری ہے۔
مسلم ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، اچھرہ، چونگی امرسدھو میں بھی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے،مسلسل بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں جبکہ درجہ حرارت کم ہوگیا ہے،لاہور کے پیشتر علاقوں میں موسلا دار بارش جاری بارش کے باعث شدید گرم اور حبس والا موسم خوشگوار ہوگیا گڑھی شاہو,ریلوے اسٹیشن,ڈیوس روڈ,میکلوڈ روڈ کے اطراف میں شدید بارش جاری ہے۔
اس وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے، واسا نے بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کر رکھا ہے جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لئےملازمین کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،لاہوریوں نے بارش کے بعد سکھ کا سانس لیا ہے اور بارانِ رحمت برسنے پر شکر ادا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کمشنر لاہور کا متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کاحکم دیا تھا،محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ 48گھنٹوں کے لیےخبردار کردیا،جمعرات کے روز بھی وقفے وقفے سے بارش ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز پنجاب خطۂ پوٹھوہار ، سیالکوٹ، گجرات،نارووال میں آندھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، لاہور، گوجرانوالہ،حافظ آباد ، اوکاڑہ، منڈی بہاؤا لدین، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،فیصل آباد ، سرگودھا، میانوالی، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال ،بہاولپوراور بہاولنگر میں آندھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، کوہستان،شانگلہ، بونیر، سوات ، دیر، مالاکنڈ، مردان،صوابی، چارسدہ، نوشہرہ،پشاور ، کرم ،کوہاٹ، کرک،بنوں ، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر جنوبی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے، کراچی ، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں ہلکی بارش جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، ژوب، موسی خیل، بارکھان اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوا ؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔