غیر ملکی قیدی سزا کاٹنے کے بعد بھی رہا نہ ہوسکے

28 Jul, 2021 | 02:28 PM

Arslan Sheikh

علی ساہی:  8 ممالک کے 39قیدی متعلقہ سفارت خانے کی جانب سےکوائف کی تصدیق نہ کرنے پر جیلوں میں ہی سزا کاٹنے پر مجبور، سزائیں پوری ہوگئیں لیکن رہائی پھربھی نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق غیرملکی قیدیوں کی قیدپوری ہونے کے باوجود رہائیاں نہ ہوسکیں کیونکہ عدالتی احکامات کے باوجود قیدی کا سفارتخانہ ذمہ داری نہیں لے رہا۔لاہورسمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں 8 ممالک کے 39 قیدیوں میں سب سے زیادہ انڈیا کے 19 قیدی شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کے 6، افغانستان 5 اوربرماکے 3 قیدی مختلف جیلوں میں موجود ہیں جبکہ تنزانیہ کے 2، دبئی 1، ڈومینیکا 1اورامریکہ کے 2 قیدی جیلوں میں ہیں۔

سزامکمل ہونے سے 6 ماہ قبل عدالتی حکم پرمتعلقہ سفارتخانہ کو پاسپورٹ ودیگر کوائف کے لئے آگاہ کردیا جاتاہے تاکہ کوائف مکمل کرکے واپسی کاٹکٹ خریدکربھجوایا جائےلیکن سفارتخانوں کی جانب سے تصدیق نہ ہونے پرغیرملکی قیدی سزا پوری ہونے کے باوجود جیلوں میں رہ گئے ہیں اور اس سے پہلے ایسے کئی قیدی ہیں جن ساری زندگی انہی جیلوں میں گزر گئی ہے۔

دوسری جانب لاہورسمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ جیل حکام کےمطابق 43جیلوں میں اب تک 80فیصدسےزائد قیدیوں اور جیل عملےکو ویکسین لگا دی گئی۔ جیلوں میں اس وقت 48 ہزارسے زائد قیدی موجود ہیں، جن میں سے 38 ہزار سےزائد قیدیوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی ہے جبکہ 15ہزارسے زائددوسری ڈوزبھی لگوا چکے ہیں۔

12ہزار سے زائدجیل سٹاف میں سے 98 سوسے زائد ملازمین کو ویکسین لگوا دی گئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پرجیلوں میں قیدیوں کو مرحلہ وار ویکسین لگوائی جارہی ہے۔اگلے ماہ تک جیلوں میں موجود قیدیوں کی ویکسین کا عمل مکمل کرلیا جائےگا جبکہ جیل میں نئے آنے والے قیدیوں کوبھی ویکسین لگوائی جارہی ہے۔  

مزیدخبریں