ویب ڈیسک: دنیا بھر میں سماجی روابط کی ویب سائٹس اور ویڈیو شیئرنگ ایپس نئی نسل اور شہرت کے دلدادہ افراد کی من پسند مصروفیت بن چکی ہے، جہاں سوشل میڈیا سماج پر مثبت اثر ڈال رہا ہے تو اسی سوشل میڈیا کے معاشرے پر منفی اثرات بھی پڑرہے ہیں۔
ٹک ٹاک ایپ نوجوانوں کیلئے شہرت حاصل کرنے ایک ذریعہ بن چکی ہے، لوگ عام سماجی رابطوں کے بجائے سوشل میڈیا رابطوں کو ترجیح دیتے نظر آتے ہیں۔ کچھ ایسے نوجوان ہیں جن کے دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں فالورز ہوچکے ہیں۔ نوجوان عجیب وغریب ویڈیوز بناکر مقبول ہونے کے دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق صوبے ژیانگ کے شہر قوذو میں 23 سالہ ژاؤ کیومی نامی ٹک ٹاک سٹار کی موت کا واقعہ پیش آیا، جہاں کرین پر کھڑے ہوکر لڑکی ویڈیو بنا رہی تھی کہ اسی دوران اس کا پاؤں پھسلا اور وہ 160 فٹ کی بلندی سے نیچے آگری۔ لڑکی کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کے ٹک ٹاک پر ایک لاکھ سے زائد فالوور ہیں اور وہ کافی مشہور تھی۔حادثے کے روز بھی ژاؤ اپنی ویڈیو بنا کر شیئر کرنا چاہتی تھی لیکن بدقسمتی سے وہ حادثے کا شکار ہوگئی۔
اس حادثے کے دوران لڑکی کے ہاتھ میں فون آن ہی تھا جس کی وجہ سے نیچے گرنے کی ویڈیو بھی ساتھ ساتھ بنتی رہی تھی۔ خیال رہے یہ افسوسناک واقعہ 20 جولائی کو پیش آیا تھا جبکہ لڑکی کے اہل خانہ نے بیٹی کی موت کی تصدیق کردی ہے۔