( شاہد ندیم ) لیسکو نے عیدالاضحی پر صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے، لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کہتے ہیں کہ عید کے تینوں روز ریجن کو لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دے دیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے عید کے تینوں روز بلا تعطل بجلی فراہم کی جائیگی۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے بتایا کہ مختلف شعبہ جات پر مشتمل ایمرجنسی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ افسران و ملازمین کو چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژنل دفاتر میں اضافی ٹرالی ٹرانسفارمرز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ بارش اور طوفان کے دوران افسران و ملازمین کو دفاتر آنا ہوگا۔
ادھر آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین کے زیر اہتمام بونس کی منظوری دے دی گئی۔ تقریب جنرل سیکرٹری ہائیڈرو یونین خورشید احمد نے خصوصی شرکت کی جبکہ لیسکو یونین کے تمام عہدیدار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران عید پر ملازمین کے لئے ہارڈ شپ الاونس کے نام سے بونس کی منظوری پر اظہار تشکر کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد نے کہا کہ ملازمین کی فلاح کے لئے کوشاں ہیں، انٹرنل انتخابات میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔ خورشید احمد نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران لڑائی جھگڑے سمیت انتشار سے باز رہا جائے، یونین نے ہمیشہ مزدوروں کی ترجمانی کی ہے، اس لئے سیاست سے بالاتر ہوکر مزدوروں کی خدمت کی جائے۔