(جنید ریاض) محکمہ سکول ایجوکیشن اساتذہ ،والدین اور طلبا سے رابطہ قائم رکھنے کیلئے ریڈیو پاکستان کو استعمال کرے گا، ریڈیو کے ذریعے بچوں کو تعلیم بھی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ والدین اور طلبا سے رابطہ قائم رکھنے کیلئے ریڈیو پاکستان سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلہ میں ریڈیو پاکستان اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدہ بھی طے پاگیا۔معاہدے کے تحت طلبا کی رہنمائی کیلئے مختلف لیکچرز ایف ایم ریڈیو پر پیش کیے جائیں گے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایف ایم ریڈیو پر کورونا وائرس کے باعث طلبا کو گھر بیٹھے تعلیم فراہم کی جاسکے گی، طلبا اور اساتذہ کی رہنمائی کیلئے ریڈیو پاکستان اور ایف ایم ریڈیو بہترین ذریعہ تعلیم ثابت ہوگا۔
ریڈیو پاکستان اور ایف ایم ریڈیو پر نشریات کیلئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو یونیسیف نے فنڈز فراہم کیے تھے۔
صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے کہاہے کہ سکول کھولنے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی جامع رپورٹ 25 اگست تک تیار کرکے پیش کی جائے گی، تمام طلبا و اساتذہ کی زندگیاں عزیز ہیں کسی صورت خطرے میں نہیں ڈال سکتے، سکول کھولنے سے پہلے طلباء اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنا نے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے،سکول کھولنے کا حتمی فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
دوسری جانب پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پنجاب بھر کے لاکھوں طلبہ و طالبات کی اَپ گریڈیشن اور نئے داخلوں کی آن لائن ڈیٹا انٹری کیلئے"سیس ایپ" کو اپ ڈیٹ کر دیا، سیس کا نیا ورژن فائیو ون فور کے نام سے اپ گریڈ کیا گیا ہے، ایپلی کیشن اپ ڈیٹ نہ ہونے سے اساتذہ کو طلبا کے نئے داخلوں کی انٹری میں مشکلات کا سامنا تھا، پی آئی ٹی بی نے تمام اساتذہ سے درخواست کی ہے کہ وہ نیا ورژن اپنے ٹیب اور موبائل پر اپ لوڈ کرلیں۔