فیصلہ اچانک تبدیل، مکمل لاک ڈاؤن، مارکیٹیں، بازار 9 روز کیلئے بند

28 Jul, 2020 | 08:52 AM

Sughra Afzal

مال  روڈ(علی اکبر، علی رامے، قیصرکھوکھر) فیصلہ اچانک تبدیل، لاہور سمیت پنجاب بھر کی مارکیٹیں اور بازار 9 روز کیلئے بند کردیئے گئے، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

 

 صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا، صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری ٹو سی ایم ،ایس ایم بی آر، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ، سی سی پی او اور متعلقہ محکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ گزشتہ رات شروع کیا گیالاک ڈاؤن اگلے بدھ تک جاری رہے گا، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہاکہ کورونا کو شکست دینے کے قریب ہے، اب لاپرواہی سے دوبارہ کیسز کی تعداد بڑھ نہ جائے اس لیے لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل سٹورز، گراسری سٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے ہوں گے، صرف بازار بند ہوں گے، عید پر مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔

  راجہ بشارت نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی  کے اجتماعات کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، عید کے بعد این سی او سی کے اجلاس میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کھولنے کی سفارش جائے گی۔

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، سمارٹ لاک ڈاؤن گزشتہ رات 12 بجے سے 5 اگست تک جاری رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شاپنگ سنٹرز، بازار، ٹریننگ سنٹرز اوربزنس سنٹربند رہیں گے، ریسٹورنٹس، سینما، بیوٹی پارلر اور ہیئرڈریسرکی دکانیں بھی بند رہیں گی۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق ہر قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی، میڈیکل سٹور اور گراسری کی دکانیں کھلی رہیں گی، بیکری، پٹرول پمپ، ایل پی جی کی دکانیں، کریانہ سٹور اور بینک بھی کھلے رہیں گے، کریانہ سٹور صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک  کھلے رہیں گے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے عید پر 3 چھٹیوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، 31جولائی، یکم اور 2 اگست کو عیدالاضحیٰ کی تعطیلات ہوں گی، جمعہ، ہفتہ اوراتوار صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

مزیدخبریں