صوبائی وزیر نے اپوزیشن کو خبردار کردیا

28 Jul, 2019 | 05:50 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) صوبائی وزیر صنعت و اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ لاہور میں چار سو ایکڑ پر محیط گارمنٹس سٹی بنے گا جس سے 30 ہزار افراد کو روزگار ملے گا،  کہتے ہیں کہ اپوزیشن نے حکومت کیخلاف کوئی احتجاج کرنا ہے تو ہم تعاون کریں گے لیکن پاکستان کیخلاف تقریر کی اجازت نہیں دے سکتے۔

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے چینی سرمایہ کاروں نے ملاقات کی، جس میں صوبائی وزیر کی جانب سے انہیں پنجاب کے صنعتی زون اور سرمایہ کاروں کو دی جانیوالی سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر میاں اسلم اقبال نے بتایا کہ لاہور میں چار سو ایکڑ پر محیط گارمنٹس سٹی بنایا جارہا ہے جس کیلئے چینی کمپنی سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گارمنٹس سٹی میں 30 ہزار افراد کو روزگار ملے گا جبکہ یہ 500  ملین کی سرمایہ کاری ہے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اپوزیشن زبردستی بازار بند کروانا چاہتی تھی جس کیلئے چند عناصر کی نظر بندی کے احکامات جاری کئے گئے۔ انہوں کہا کہ اگر اپوزیشن نے کوئی احتجاج ریکارڈ کروانا ہے تو ہم ان کیساتھ ہیں، لیکن پاکستان یا ملکی اداروں کیخلاف تقریر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا حکومت پر اعتماد روشن پاکستان کی نوید ہے۔

مزیدخبریں