ضلعی انتظامیہ کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ

28 Jul, 2019 | 03:18 PM

Sughra Afzal

 (راﺅ دلشاد) ضلعی انتظامیہ نے یوم آزادی شایان شان منانے کیلئے تیاریاں شروع کردیں، سرکاری و غیرسرکاری عمارتیں برقی قمقموں سے جگمگائیں  گی جبکہ فائرورکس اور مختلف تقریبات بھی ہوں گی۔

 ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے سٹی42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یوم آزادی کی مناسبت اگر پریڈ یا کوئی بھی سرگرمی ہوئی تو بھر پور تعاون کریں گے۔ انہوں نے یوم آزادی کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے اصغر جوئیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فائر ورکس گریٹر اقبال پارک، ساون میلہ جیلانی پارک اور شہر کی بلند و بالا سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے روشن کرنے بارے فیصلہ کیا۔

 شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت کنال پر قومی ہیروز کے بڑے بڑے قد اور پورٹریٹ لگائے جائیں گے، یوم آزادی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہو گی، جہاں پرچم کشائی ہوگی جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر میوزیکل ایونٹس ہوں گے، مختلف مقامات پر یوم آزادی کے حوالے سے کیمپس لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے انڈر پاسز اور چوک چوراہوں کو سجایا جائے گا، تحریک آزادی کے ہیروز کے پورٹریٹ آویزاں ہونگے محکمہ سول ڈیفنس ریلی اورمشعل برادر ریلی بھی نکالی جائیں گی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی یوم آزادی کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی۔

سکولوں میں صفائی ستھرائی کا دن منایا جائے گا، پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائی سکولوں میں پودے لگائے جائیں گے، تعلیمی اداروں میں ملی نغموں، تقریروں اور کوئز کے مقابلے ہونگے۔

ڈی سی نے یقین دہانی کرائی کہ مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کروائیں گے، فٹ بال، بیڈمنٹن، کراٹے، ٹائیکو ئنڈو، ہاکی، رولر سکیٹنگ، ٹگ آف وار، سائیکلنگ اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔

مزیدخبریں