ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صحافتی تنظیموں نے پیکا ایکٹ مسترد کرتے ہوئے  تحریک چلانے کا اعلان کردیا

صحافتی تنظیموں نے پیکا ایکٹ مسترد کرتے ہوئے  تحریک چلانے کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، پاکستان یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) اور دیگر صحافتی تنظیموں نے حکومت کے متنازعہ پیکا ایکٹ کو مسترد کر تے ہوئے اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل رانا عظیم نے کہا کہ صحافتی تنظیمیں اس ایکٹ کو عدالت میں چیلنج کریں گی اور اس کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بل صحافت کی آزادی کو متاثر کرتا ہے اور صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ادا کرنے سے روکتا ہے۔

پی یو جے کے صدر میاں شاہد ندیم نے کہا کہ آئین ہر شہری کو بات کرنے کی آزادی دیتا ہے اور پیکا ایکٹ اس آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اس قانون کے ذریعے بنیادی انسانی حقوق کی نفی کی ہے۔

قاضی طارق، جنرل سیکرٹری پی یو جے نے اس قانون کو حکومت کی طرف سے ایک سنگین اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام صحافتی آزادی کے خلاف ہے۔

لاہور پریس کلب کے باہر پیکا ایکٹ کے خلاف صحافی برادری کا احتجاج جاری ہے۔ احتجاج میں صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہے، جو ہاتھوں میں پوسٹر اٹھائے حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔

احتجاج میں پی ایف یو جے اور سول سوسائٹی کے افراد کے علاوہ کسان اتحاد اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھڑ، پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی علی امتیاز وڑائچ، ڈائریکٹر نیوز ایسوسی ایشن کے عہدے دار اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی احتجاج میں شریک ہوئے ہیں۔

پنجاب ٹیچرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی صحافی برادری کے ساتھ احتجاج میں شامل ہیں اور پیکا ایکٹ کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ احتجاج کے دوران شرکاء نے واضح طور پر اظہار کیا کہ اس متنازعہ بل کے خلاف ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

صحافی برادری کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس ایکٹ کے ذریعے اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس پر وہ خاموش نہیں رہیں گے۔

صحافتی تنظیموں نے اس متنازعہ بل کے خلاف آج چئیرنگ کراس پر احتجاج کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔