سعید احمد: رمضان المبارک کے آغاز ہونے سے پہلے ہی عمرہ پیکجز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جس کی وجہ سے ائیرلائنز کے ٹکٹوں اور ہوٹلز کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے جبکہ فائیو سٹار عمرہ پیکج سرکاری حج پیکج سے بھی مہنگا ہو گیا ہے۔
یکم رمضان سے ایئرلائنز کی ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ ائیر بلیو کا لاہور سے جدہ دوطرفہ کرایہ 1 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ پی آئی اے کا لاہور سے جدہ دوطرفہ کرایہ 1 لاکھ 87 ہزار روپے تک ہو گیا ہے۔ سعودی ائیرلائنز کے اکانومی کلاس کے ٹکٹ کا کرایہ 2 لاکھ 66 ہزار روپے تک پہنچ چکا ہے۔
مکہ اور مدینہ کے ہوٹلز نے بھی یکم رمضان سے عید الفطر تک اپنے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ مکہ میں اکانومی کلاس ہوٹل کا کم از کم کرایہ 350 ریال سے بڑھ کر آخری عشرے میں 600 ریال تک پہنچ گیا ہے۔ فائیو سٹار ہوٹلز میں ایک دن کا کرایہ 2500 ریال تک جا پہنچا ہے، جبکہ افطاری کے ساتھ فائیو سٹار ہوٹل کا کرایہ 3000 ریال تک بڑھ گیا ہے۔
مدینہ میں بھی فائیو سٹار ہوٹل کا ایک دن کا کرایہ 2500 سے 3000 ریال تک پہنچ چکا ہے۔ فور سٹار ہوٹلز کا کم از کم کرایہ بھی 1500 سے 2000 ریال تک ہو چکا ہے۔
اس کے علاوہ شٹل بس اور تھری سٹار عمرہ پیکج کی قیمت 4 لاکھ روپے سے زیادہ ہو گئی ہے۔ رمضان کے مہینے میں عمرہ کرنے والوں کے لیے سفر کے اخراجات میں یہ اضافہ ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔