طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، چوتھی بار وزیراعظم بننے کی سازش ناکام بنائیں گے، بلاول بھٹو

28 Jan, 2024 | 08:54 PM

This browser does not support the video element.

This browser does not support the video element.


 سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو  نے پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو کی مقتل گاہ لیاقت باغ  میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ ہم عوام کی طاقت سے چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بننے کی سازش کو ناکام کریں گے۔

شہید بی بی کی مقتل گاہ اور ملک کی پکار

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں اسی شہر میں موجود ہوں جہاں ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا، اس جگہ موجود ہوں جہاں شہید بے نظیر بھٹو نے آخری تقریر کی تھی۔ملک آج ایک بار پھر خطرے میں ہے ۔ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ملک آج پھر مجھے اور آپ کو پکار رہا ہے ۔

روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ اور بلاول کا معاشی معاہدہ

بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد پیپلز پارٹی نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگایا ، ہم نے دس نکاتی عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے ۔ہمارا معاشی معاہدہ روٹی،کپڑا،مکان دلوائے گا، ہمارا معاشی عوامی معاہدہ غربت دہشت گردی کا خاتمہ کرے گا ۔ہمارے پورے معاشرہ  میں بحران پیدا ہوچکا ہے۔ اس بحران کا حل ہمیں کرنا ہے، ہم کریں گے۔

بلاول بھتو نے کہا کہ پی پی پی نفرت اور تفریق کی سیاست ختم کرے گی۔ ہم واحد جماعت ہیں جو سب کو ایک ساتھ لے کر چل سکتی ہے۔

دہشتگردی کا مقابلہ

بلاول بھٹو نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ گڈ اور بیڈ طالبان کی بات نہ کریں، سب کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ جو ہمارے آئین کو نہ مانے ہتھیار اٹھائے اس کو منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی ہے ۔ 

چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی سازش

بلاول بھٹو نے کہا کہ ووٹ کی عزت کا نعرہ لگانے والے چوتھی بار وزیر اعظم بننے کا سوچ رہے ہیں، یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ طاقت کا سرچشمہ صرف عوام ہیں،اپ سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں تو  چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی سازش ناکام ہو سکتی ہے۔اس بار جذباتیت نہیں ہوشیاری کی ضرورت ہے۔ 

بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ کے نظریاتی کارکنوں کو سمجھائیں کہ یہ ووٹ کی عزت نہیں بے عزتی کررہے ہیں۔ ایک جماعت نے پرانی سیاست شروع کی ہے جس سے اس نے توبہ کی تھی۔ملک کی اکثریت کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بنتا نہیں دیکھنا چاہتی، اگر یہ چوتھی بار وزیراعظم بنا تو ملک میں بہتری نہیں آئے گی۔یہ شخص چوتھی بار وزیر اعظم بنا تو کوئی قبول نہیں کرے گا۔

پی ٹی آئی کے حامی آزاد امیدواروں پر ووٹ ضائع نہ کریں

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سمجھائیں کہ اس الیکشن میں عمران خان نہیں ہے۔عمران خان کسی صورت میں وزیر اعظم نہیں بن سکتا ۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سمجھائیں کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پلانٹڈ ہے ۔پی ٹی آئی  کے حامی آزاد امیدوراوں پر ووٹ ضائع نہ کریں۔اگر ووٹ ضائع نہیں کرنا چاہتے تو تیر پر نشان لگائیں۔ہم سب ملکر شیر کا شکار کریں گے۔ ہم نے جو وعدے منشور میں کئے سب پر عمل درآمد کرکے ملک کو نئی سمت میں لے جائیں گے۔ عوام سے اپیل ہے جمہوریت کی خاطر تیر پر ٹھپہ لگائیں۔ پیپلز پارٹی تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرے گی۔

پرانے کارکنوں کی توقعات

لیاقت باغ راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کے جلسہ کے آغاز سے کئی گھنٹے پہلے شہر کے بہت سے پرانے کارکن جلسہ گاہ مین پہنچ گئے تھے۔ ان کارکنوں نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ انہیں بلاول بھتو سے وہی تمام توقعات ہیں جو بینظیر بھٹو شہید سے تھیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں مزدوروں کے حالات بہتر کر سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سوا کوئی پارٹی یہ کام نہیں کرتی۔

مزیدخبریں