ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اپنی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ پرسکون رویے اور دوستانہ لہجے کے باعث بھی ٹیم میٹس میں خاصے مشہور ہیں لیکن حال ہی میں بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے دوران بابر اعظم کے مخالف ٹیم کے وکٹ کیپر پر غصے میں آنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بنگلادیش میں جاری لیگ کے دوران ڈورڈینٹو ڈھاکا کے خلاف اننگز کے 13 ویں اوور میں رنگپور رائیڈرز کے بابر اعظم کی مخالف ٹیم کے وکٹ کیپر عرفان سکر کے ساتھ گرما گرمی دیکھنے میں آئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے۔ وائرل ویڈیو میں بابر کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’میں آ پ سے بات کر رہا ہوں؟ میں آپ سے بات کر رہا ہوں؟ میں خود بات کر رہا ہے‘، بحث کے دوران امپائر اور ڈورڈینٹو ڈھاکا کے کپتان مصدق حسین نے بابر کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی لیکن اس دوران بھی بابر ناراض ہی نظر آئے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے بی پی ایل کے تیسرے میچ میں ڈھاکا کے خلاف 46 گیندوں پر 62 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعی ٹوٹل 183 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، بی پی ایل کے تیسرے میچ میں یہ بابر اعظم کی دوسری نصف سنچری تھی، بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل، اپنے پہلے بی پی ایل میچ بابر اعظم 49 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے تھے اور انہوں نے مشکل وقت میں عظمت اللہ زئی کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔