(ویب ڈیسک)بھارت کی ریاست کولکتہ میں خودکشی کے ارادے سے کھمبے پر چڑھنے والا شخص بریانی ملنے کی یقین دہانی پر نیچے اتر آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ شخص، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، موٹر سائیکل پر بیٹی کے ہمراہ سائنس سٹی پہنچا اور ایک پُل کے قریب بیچ سڑک پر رک کر بیٹی سے کہا کہ میرا موبائل فون پیچھے کہیں گر گیا ہے، وہ ڈھونڈ کر لاتا ہوں۔
تھوڑی دیر بعد پتہ چلا کہ وہ خودکشی کے ارادے سے پُل کے کھمبے پر چڑھ گیا ہے۔ کھمبے کے آپس پاس لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور اُس شخص نے دھمکی دی کہ وہ چھلانگ لگانے والا ہے۔
موقع پر موجود شہریوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی۔ کولکتہ پولیس ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ (DMG) اور محکمہ فائر کے ہمراہ کھمبے کے نیچے پہنچی اور شہری کو مذاکرات کے ذریعے بحفاظت نیچے اتارنے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق ہم نے اس شخص کی بیٹی سے بات کی، وہ خراب مالی حالات کی وجہ سے سخت ذہنی تناؤ میں ہے، جب ہم نے اسے نوکری دینے اور ایک پلیٹ بریانی کھلانے کا وعدہ کیا تو وہ نیچے اترنے پر راضی ہوا۔
حکام کے مطابق اگر شہری گر جاتا تو اس کا بچنا مشکل تھا کیونکہ آپس پاس بجلی کے تار بھی تھے۔