(ویب ڈیسک )ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ نوازشریف بہت جلد پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ پاکستان واپس آئیں گے ،مسلم لیگ ن الیکشن سے نہیں ڈرتی جب بھی ہوں گے پنجاب میں بھاری اکثریت سے جیتیں گے ، جو نئی ذمہ داریاں ملی ہیں اب ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی ، یکم فروری سے پنجاب کے ہر ضلع کا دورہ کروں گی ، جب تک ملک کو مشکلات سے نہیں نکالیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے ۔
وطن واپسی پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ کو نواز شریف کی طر ف سے سلام ، انہوں نے کہا جب تم میرے لوگوں میں جانا تو میرا پیار بھرا سلام دینا، آپ کا شکریہ کہ اتنی بڑی تعداد میں اپنی بہن اور بیٹی کا استقبال کیا ، آپ کا اور میرا قائد بہت جلدی انشاءاللہ آپ کے درمیان موجود ہو گا ، ان لوگوں نے نوازشریف کو بار بار نکالا، تین بار اللہ نے حکومت دی ، انہوں نے تین بار اسے حکومت سے نکال دیا ،دو دفعہ ملک سے نکال دیا ، آج بھی نوازشریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے ، وہ بار بار واپس آیا ، پہلے سے بڑھ کر طاقت سے واپس آیا، انشاءاللہ وہ آنے والے دنوں میں پھر واپس آئے گا ۔
نوازشریف کے خلاف ساز ش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں یا نہیں ؟ نوازشریف نے تم سے انتقام نہیں لیا، مریم نواز نے تم سے انتقام نہیں لیا، شہبازشریف نے انتقام نہیں لیا ، تم اللہ کے حساب کا نشانہ بنے ہو، میں پاکستان کی عوام سے بھی مخاطب ہوں ، مجھے اور نوازشریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے ، بجلی ، روٹی مہنگی ہے ، میری قوم سے وعدہ کرنا چاہتی ہوں کہ وہ نوازشریف ہی تھا جس نے تین مرتبہ قوم کو مشکل سے نکالا ، اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکالا اور تین مرتبہ ترقی کے راستے پر ڈالا تو امید رکھیں انشاءاللہ ترقی کرتاہوا پاکستان بہت جلد واپس آئے گا ،ایسے انسان کو باہر نکالا گیا محض ایک اقامے پر، جس کی نو سال کی کارکردگی کو 75 سالہ تاریخ سے باہر نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا ، پاکستان کو نااہلی کی سزا ملی یا اہلیت کی سزا ملی، انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب نوازشریف کی قیادت میں ملک ایک بار پھر آگے بڑھے گا ۔
مجھ سے وعدہ کرو کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے نوازشریف کا ساتھ دو گے ، پنجاب کی تقدیر بدلنے کیلئے نوازشریف اور شہبازشریف کا ساتھ دو گے ، میں بھی وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی ۔اب روز آپ سے ملاقات ہو گی ، میں پنجاب کے دورے پر نکلنے والی ہوں ۔