ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ ہم عمران خان کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، عمران خان کے بیانات نے میرے والد اور فیملی کے لیے خطرات بڑھا دیے ہیں۔
بلاول بھٹو نے ٹویٹر پر اپنے بئان میں کہا کہ دہشت گرد تنظیموں نے مجھے اور پارٹی کو نام لے کر براہ راست دھمکیاں دیں، عمران خان اب آصف زرداری پر غلط الزامات عائد کر رہے ہیں، عمران خان کے توہین آمیز اور خطرناک الزامات پر قانونی پہلوؤں کو بھی دیکھ رہے ہیں، پیپلزپارٹی عمران خان کو ان الزامات پر چیلنج کرےگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکے ہیں، عمران خان اور حواریوں کی دہشت گردوں کی سہولت کاری کی دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں، عمران خان نے اپنے دور میں دہشت گردوں کو رہا کیا اور جمہوریت پسندوں کوگرفتارکیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کو دہشت گرد تنظیموں کے حوالےکیا، آج تک عمران خان کی پارٹی دہشت گرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی ہے، اگر مجھ پر، میرے والد یا پارٹی پر حملہ ہوا تو اس سب کا حساب لیا جائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سمجھنا چاہیےکہ بیوی کو خواب آنے پر وہ ٹی وی پر آکر الزامات نہیں لگاسکتے، عمران خان کی اہلیہ کے خواب عدالتوں میں ثابت نہیں کیے جاسکتے، عمران خان کا الزام غیرمنطقی ہے، انہوں نے ہم سب کے لیے خطرات کو بڑھادیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ ہم ایسے پاپولر فکشن کو اپنے بیانیے پر حاوی نہیں ہونے دیں گے جو ہماری سیاست کو زہر آلود اور جمہوریت کو تاراج کرے، ہم دہشت گردوں اور ان کے سیاسی فرنٹ مین کے پروپیگنڈے کا چارہ بننا بھی برداشت نہیں کریں گے۔