حسن خالد :ملاقات کیلئے آنے والے موت کے پیامبر بن گئے ، شالا مار کے علاقے میں اما م مسجد تیز دھار آلے سے ذبح ۔ نامعلوم ملزمان نے مولانا آصف کی اہلیہ اور بیٹی کو دوسرے کمرے میں بند کر کے واردات کی اور فرار ہو گئے۔لاش پوسٹمارٹم کیلئے منتقل ، بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج ۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی۔
شالیمار کے علاقہ ملتان کالونی میں نامعلوم افراد نے امام مسجد کو قتل کردیا، ملزمان نے چھریوں کے وار کرکے امام مسجد کی جان لی، پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں، پولیس کے مطابق ملزمان نے تیز دھار چھری کے وار کرکے امام مسجد کو قتل کیا، نامعلوم افراد آصف نامی امام مسجد کو کوارٹر میں ملنے آئے،ملاقات کے بعد امام مسجد کو قتل کرکے فرار ہوگئے، پولیس نے امام مسجد کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا جبکہ موقع سے شواہد اکھٹے کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں۔
یاد رہے حکومت کے دعوئوں کے باوجود جرائم میں کمی نہیں آئی ۔کاہنہ سے شاہدرہ تک شہری لٹتے رہے، مصطفی ٹاون اور کاہنہ میں دکانوں کا صفایا، شاہدرہ میں خاتون مزاحمت پر قتل، گلبرگ میں خواتین کی مدد سے لوٹ مار، مصری شاہ میں چور اہلخانہ کی غیر موجودگی میں کام دکھا گئے، پولیس زبانی جمع خرچ سے آگے نہ بڑھ سکی۔
کاہنہ میں چار ڈاکوؤں نے دکان کا صفایا کر دیا، ڈاکوؤں نے ماسک پہن رکھے تھے، دکان میں موجود گاہکوں کو بھی نہ چھوڑا، سی سی ٹی وی سامنے آنے کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا، شاہدرہ کے علاقے میں ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کے لوٹ مار کی، مزاحمت پر خاتون کو قتل کر دیا، ڈاکو گھر سے 7 لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات لے اڑے۔
مصری شاہ میں چور گھر والوں کی غیر موجودگی میں صفایا کر گئے، متاثرہ شہری کے مطابق چور دیوار پھلانگ کے گھر میں داخل ہوئے، 6 تولہ سونا اور 2 لاکھ 15 ہزار نقدی لے گئے، گلبرگ میں 3 ڈاکوؤں نے 2 خواتین ساتھیوں کی مدد سے شہری امجد کے گھر واردات کی، ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور جو مال ہاتھ لگا ساتھ لے کے چلتے بنے۔