(قیصر کھوکھر) پنجاب میں 9 اعلیٰ افسراپنے گریڈ سے کم کی سیٹ پر قابض ہیں، گریڈ 21 کے افسران کی گریڈ 20 کی آسامیوں پر تعیناتیوں سے جونیئر افسران کی حق تلفی ہونے لگی۔
ذرائع کے مطابق کم گریڈ والی آسامی مفید ہونے پر اعلیٰ گریڈ کےافسران وہ عہدہ چھوڑ ہی نہیں رہے، کسی بھی محکمے کے سیکرٹری کا عہدہ گریڈ 20 کا ہوتا ہے مگر سیکرٹری کی آسامیوں پر گریڈ 21 کے افسران براجمان ہیں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سروسز محمدالیاس سیکرٹری سروسز کی سیٹ اپ گریڈ کرانے میں کامیاب ہوگئے، سیکرٹری ٹو گورنر ڈاکٹر راشد منصور گریڈ 21 کے افسر ہیں مگر گریڈ 20 کی پوسٹ پر براجمان ہیں، جبکہ گریڈ 21 کے افسر طاہر یوسف گریڈ 20 کی سیکرٹری آرکائیو کی سیٹ پر تعینات ہیں، اسی طرح گریڈ 21 کے افسر ڈاکٹر راحیل صدیقی گریڈ 20 کی چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹیم کی سیٹ پر، گریڈ 21 کے افسرعبداللہ خان سنبل گریڈ 20 کی سیکرٹری خزانہ کی سیٹ پر براجمان ہیں۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 21 کے نبیل محبوب گریڈ 20 کی سیکرٹری ہاؤسنگ کی سیٹ پر، ندیم ارشاد کیانی گریڈ 20 کی سیکرٹری لائیو سٹاک کی سیٹ پر، گریڈ 21کے اسدرحمان گیلانی گریڈ20 کی سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی سیٹ پر قابض ہیں، عنبرین رضا بھی گریڈ21 کی افسر ہیں مگر وہ سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ کی گریڈ 20 کی سیٹ پر ہیں۔