( ملک اشرف ) سانحہ ساہیوال کی متاثرہ خلیل کےخاندان اور وکیل نے الزام لگایا کہ سی ٹی ڈی کے افسر اپنے پیٹی بھائیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، لواحقین کی جان کو خطرہ ہے، انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے لواحقین کے وکیل شہباز بخاری نے فین روڈ پر اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کی، ان کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی اب تک ہونے والی تفتیش کے بارے تمام پیش رفت سے آگاہ نہیں کررہی، صرف کچھ معلومات کا تبادلہ کیا گیا ہے، وکیل نے باور کرایا کہ یہ کوئی چھوٹا واقعہ نہیں ہے۔
وکیل شہباز بخاری نے انکشاف کیا کہ خلیل کی فیملی کو دھمکیاں مل رہی ہیں، انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے، اس موقع پر شہباز بخاری نے موصول ہونے والی دھمکی آمیز کال بھی میڈیا کو سنوائی۔
شہباز بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان سے انصاف کی توقع ہے، وکیل نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ کے باوجود ابھی تک پولیس افسران کو ہوش نہیں آیا، اگر لواحقین کی سیکیورٹی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کی جائے گی کہ وہ ٹرائل کو لاہور منتقل کریں۔