شاہد ندیم: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے اجتماع کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں احتجاج کا آپشن باقی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی میں ماورائے آئین قتل کیخلاف جس طرح تحقیقات کی جا رہی ہیں، اسی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مال روڈ پر ہونے والے احتجاج کی خالی کرسیوں کو تقاریر کا حصہ بنا کر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت پر خوف کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ حکومت پر ماہ مارچ چڑھتا دیکھائی نہیں دے رہا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاون میں ان کیساتھ ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کراچی میں پولیس آفیسر راؤ انوار کے خلاف وسیع پیمانے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں بھی راؤ انواروں کیخلاف تحقیقات کر کے انصاف دلوانا ہوگا۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ میاں نواز شریف انکی نقل اتارنے کی بجائے عقل اتاریں۔ سیاسی بصیرت کی بنیاد پر کہ رہے ہیں کہ مارچ سے پہلے ان کا خاتمہ ہو جائیگا۔