ذیشان صفدر:وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ساڑھے 4 سال میں پی ٹی آئی کا امیدوار علاقے میں نہیں آیا، نعرے لگانے سے سیاست نہیں ہوتی، لاہور میں ڈینگی آیا تو ہم نے مقابلہ کیا، دن رات ایک کر دیا۔
گواہاوا میں سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ساڑھے 4 سال میں پی ٹی آئی کا امیدوار علاقے میں نہیں آیا، نعرے لگانے سے سیاست نہیں ہوتی۔ پشاور میں ڈینگی نے حملہ کیا تو وہ بنی گالہ کی پہاڑیوں پر چڑھ گئے۔ لاہور میں ڈینگی آیا تو ہم نے مقابلہ کیا، دن رات ایک کر دیا۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ جو بھاگ جائے وہ سیاستدان نہیں "گیدڑ"ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ کو گالیاں دینا اچھی بات نہیں۔ الزامات لگا کر سیاسی قیادت کو سیاست سے بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مخالفین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بناؤ پشاور اور کراچی کو لاہور جیسا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ہر ادارہ آئین اور قانون کی حدود میں رہ کر کام کرے تو پاکستان ترقی کرے گا۔ میرے عزیزوں ہم مل کے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں جیسی ترقی لاہور میں کی ویسی ترقی پورے پاکستان میں کریں گے۔ 2018 میں اگر اللہ نے موقع فراہم کیا تو آپ کے ووٹ سے ن لیگ پھر کامیاب ہوگی۔