(سٹی 42): لاہور میں شدید دھند کا بدستور راج ہے جس کی وجہ سے مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد زخمی ہوگئے، دھند کے باعث ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق دھند نے باغو ں کے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ہر چیز ٹھٹھر گئی، لاہور ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوگیا جبکہ لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
شہر میں دھند اور تیز رفتاری کے باعث دو حادثات پیش آئے، جس میں چار افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 اور کم سے کم 6ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت میں کمی اور خشک سردی کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرم کپڑوں کا استعمال زیادہ کریں۔