وزیراعلیٰ مریم نواز کا اچانک میو ہسپتال کا دورہ، 50 وہیل چیئر اور سٹریچر مہیا کرنے کی ہدایت

28 Feb, 2024 | 08:48 PM

This browser does not support the video element.

راؤ دلشاد : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میو ہسپتال ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے ہسپتال میں 50 وہیل چیئر اور سٹریچر مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

 وزیراعلیٰ مریم نواز نے مریضوں کی شکایت پر چیسٹ ٹیوب فوری طور پر مہیا کرنے کا بھی حکم دیا اور لوگوں کو روکنے پر سیکیورٹی اہلکاروں پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں عوام میں سے ہوں، عوام کو مجھ سے دور نہ کریں اب روکا تو سکیورٹی کو باہر نکال دوں گی۔

 وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی کے استقبالیہ کاؤنٹر پر داخلہ پرچی کے اجراء کا مشاہدہ بھی کیا اور آئی سی یو کے مریضوں کی عیادت بھی کی۔  وہاں موجود ایک بزرگ شبیر شاکر کی توجہ دلانے پر وزیراعلیٰ نے نماز کیلئے جگہ مخصوص کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 وزیراعلیٰ مریم نواز راہداری سے گزرتے ہوئے مریدکے سے آئے روحان کو دیکھ کر رک گئیں، نو سالہ روحان کی جھولے سے گر کربازو کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی، انہوں نے بچے سے کہا کہ آپ تو بہادر بچے ہیں، جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔

 وزیراعلیٰ نے میڈیکل وارڈ میں مریضوں کا حال احوال دریافت کیا اور ڈاکٹرز سے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔

 وزیراعلیٰ مریم نواز ویٹنگ روم میں دو خواتین کو پریشان دیکھ کر رک گئیں اور ہسپتال انتظامیہ کو ان کے بیمار والد کی بہترین نگہداشت کا حکم دیا۔

 اس موقع پر ارکان اسمبلی مریم اورنگزیب، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، ثانیہ عاشق اور چیف سیکرٹری، کمشنر و دیگر حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔

مزیدخبریں