ویب ڈیسک : اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) سیدہ شہربانو نقوی کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات ہوئی۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے اے ایس پی شہربانو نقوی کی ڈیوٹی پوری کرنے کی بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ”پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں“ آزادی کے بعد سے، پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے خود کو ہر جگہ ممتاز کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ ”خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے“
آرمی چیف نے سماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آرمی چیف نے قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ”تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے“۔ ”من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں“۔ آرمی چیف نے اسلام کے حسن سلوک اور احسان کے ابدی پیغام پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے پاکستان کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔
نڈر آفیسر شہربانو نقوی نے 26 فروری 2024 کو لاہور کے اچھرہ بازار میں مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا۔