(ویب ڈیسک) امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں سی آئی اے ٹیم نے مقتول کے دیرینہ دوست احسن شاہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ احسن شاہ کو امیر بالاج کی ریکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، قتل کے وقت احسن شاہ پاکستان میں موجود نہیں تھا بلکہ اس نے سعودی عرب سے ملزمان کو ریکی دی تھی،احسن شاہ نے ملزمان کو بتایا تھا کہ امیر بلاج نے اس شادی پر جانا ہے۔
دوسری جانب احسن شاہ کے اہلخانہ نے پولیس کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن شاہ نے ایسا کچھ نہیں کیا، اہلخانہ نے اُلٹا پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ احسن شاہ کو گھر سے گرفتار کرتے وقت پولیس نے ان پر تشدد بھی کیا ہے جبکہ یہ الزام غلط ہے کہ احسن شاہ نےامیر بالاج کے قتل کے عوض 50 لاکھ روپے لیے ہیں ۔
واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور ملتان روڈ پر نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے تھے، امیر بالاج ٹیپو کے سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے حملہ آور مظفر حسین بھی موقع پر مارا گیا ،مجرم نے امیر بالاج کے قتل میں شارٹ گن کا استعمال کیا جو کہ اس کا ذاتی اور لائسنس یافتہ نکلا،امیر بالاج پر فائرنگ شادی کی تقریب سے باہر نکلتے ہوئے کی گئی، حملہ آور سیلفی لینےکے بہانے امیر بالاج کے قریب آیا اور فائرنگ کر دی ، حملے کے وقت امیر بالاج نے بلٹ پروف جیکٹ بھی پہن رکھی تھی لیکن اس کے باوجود حملہ اتنے قریب سے کیا گیا کہ وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے ۔