عمران خان کو راستے سے ہٹانے کا مقصد کاری ضرب لگانا ہے: مسرت جمشید چیمہ

28 Feb, 2023 | 09:38 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو راستے سے ہٹانے کا مقصد کاری ضرب لگانا ہے، میری سب سے گزارش ہے کہ اگر کوئی کارروائی ہوتی ہے تو ہم نے کال کا انتظار نہیں کرنا سڑکوں پر نکلنا ہے۔

زمان پارک میں عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کی سکیورٹی کے کوئی خاطرخواہ انتظامات نہیں کئے گئے، رانا ثنا اللہ اوران کے لوگوں نے پہلے ملک کو کھوکھلا کیا اور اب بھی نقصان پہنچانا چاہ رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ اب ملک میں آئین کا نہیں ان کے ابا کا راج ہونا چاہیے، ہم اس ملک کی حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے دیتے رہیں گے۔

مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھاکہ تمام کارکنوں سے گزارش ہے کہ اگر کوئی کارروائی ہوتی ہے تو ہم نے کال کا انتظار نہیں کرنا سڑکوں پر نکلنا ہے، عمران خان کو ہٹانے کا مطلب ملک کا کاری ضرب لگانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت سے درخواست ہے کہ عمران خان کو استثنی دیا جائے، ہم قانون کے تابع لوگ ہیں۔

مزیدخبریں