(رضوان نقوی) تبدیلی حکومت کی عوام پر ایک اور پٹرول بم گرانے کی تیاریاں، اوگرا کی طرف سے پٹرول کی قیمت میں 20 روپے 7 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 61 پیسے اضافے کی سمری پر حتمی فیصلہ آج ہوگا، مہنگائی کے مارے شہریوں نے وزیراعظم سے رحم کی اپیل کر دی۔
مہنگائی کے سونامی میں غوطہ زن عوام پر ایک اور پٹرول بم گرانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوا رکھی ہے، قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سےآج ہوگا، اوگرا کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے7 پیسے، ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 19 روپے 61 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہماری حالت پر رحم کریں، اب تو متوسط طبقے کیلئے گزارہ کرنا محال ہوگیا ہے، مہنگائی کے باعث دو وقت چولہا جلانا مشکل ہوچکا، پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔
واضح رہے کہ پچھلی بار بھی اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی تھی تاہم اس سمری کو مسترد کر دیا گیا تھا۔