(وقاص احمد) ٹاؤن شپ پولیس نے اوورسیز پاکستانی کے پلاٹ پر قبضہ اور بھتہ مانگنے پر منشا بم اور اس کے دو بیٹوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق منشا بم کے بیٹوں طارق منشا اور فیصل منشا نے بیرون ملک مقیم جمیل نامی شہری کے پلاٹ پر قبضہ کرنے کوشش کی، اوورسیز شہری سے 20 لاکھ روپے بھتہ بھی طلب کیا، بھتہ نہ دینے پر جمیل نامی شہری کے پلاٹ کی دیواریں مسمار کر دیں، ملزمان پلاٹ پر بنے کمرے سے قیمتی سامان بھی چوری کرکے لے گئے۔
اوورسیز پاکستانی شہری نے کھلی کچہری میں قبضہ گروپ کی نشاندہی کرتے ہوئے دادرسی کی اپیل کی، پولیس نے منشا بم کے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جمیل نامی شہری کو پلاٹ کا فوری قبضہ واپس دلوا دیا گیا ہے۔ ایس پی حفیظ الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ملزمان مفرور ہیں، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق منشا بم کا اصل نام منشا کھوکھر ہے، منشا بم لاہور کے مہنگے علاقے جوہر ٹاؤن میں قبضہ گروپ کا سربراہ مانا جاتا ہے، اس پر قبضے، قتل، اقدام قتل اور پولیس پر فائرنگ کے 70 مقدمے درج ہیں، اس پر غیر قانونی طور پر زمین پر قبضہ کرنے کا پہلا مقدمہ 1982 میں درج کیا گیا تھا، اس نے وکلاء کا اپنا ایک گروپ بھی بنا رکھا ہے جواس کے کالے کرتوتوں کی پردہ پوشی اور وکالت کرتا ہے۔