لوئر مال (راؤ دلشاد) سرکاری فائلوں میں دبے ماڈل قبرستانوں کی تعمیر کے منصوبے کی بازگشت ایک مرتبہ پھر شروع ہوگئی، شہر خموشاں کی طرز پر شہر میں مزید چار مقامات پر ماڈل قبرستان بنانے کا فیصلہ، شہر کے چار موضع جات کی ایک ہزار 654 کنال اراضی کی نشاندہی کرلی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق سندر رائے ونڈ روڈ، صوئے آصل بیدیاں روڈ، بابو صابو، فیروز پور روڈ کاہنہ کے مقامات پر ماڈل قبرستان بنانے کا پلان تیار کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر سیکرٹری بلدیات پنجاب نورالامین مینگل نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی، تحصیل رائیونڈ کے موضع بھائی کوٹ میں 127 کنال 11 مرلے، تحصیل کینٹ کے موضع دھلا کلا کی 66 کنال 6 مرلے، تحصیل سٹی کے موضع بابو صابو میں 570 کنال 10 مرلہ، تحصیل ماڈل ٹاؤن کے موضع چک آصو کی 813 کنال 17 مرلہ اراضی کی نشاندہی کرلی گئی۔
محکمہ بلدیات کی تشکیل کردہ کمیٹی شہر خموشاں کی اراضی سے متعلق تمام دستاویزات کی چھانٹ کرے گی، کمیٹی میں چیف انجینئر لوکل گورنمنٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ٹیکنیکل نمائندہ سی اینڈ ڈبلیو، چیف میٹروپولیٹن افسر انفراسٹرکچر اور ٹیکنیکل نمائندہ واسا ایجنسی شامل ہیں۔
لوکل گورنمنٹ کمیٹی پانچ روز میں شہر خموشاں کی اراضی بارے حتمی رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کرائے گی، شہر خموشاں کی تعمیر کی اجازت محکمہ بلدیات کی صوابدید ہے، ضلعی انتظامیہ شہرخموشاں کی اجازت کے بعد اراضی کیس بورڈ آف ریونیو کو بھجوائے گی، بورڈ آف ریونیو قبرستان کیلئے سرکاری زمین شہرخموشاں اتھارٹی کے نام منتقل کرے گا، سابق پنجاب حکومت نے بھی مختلف مقامات پر شہر خموشاں کی تعمیر کیلئے ورکنگ پیپر تیار کیا لیکن عمل درآمد نہیں ہوسکا۔