تحریک انصاف سینیٹ کی اکثریت پارٹی بن کر سامنے آگئی: عثمان بزدار

28 Feb, 2021 | 10:08 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر ) وزیر اعلیٰ  پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہماری بہترین حکمت عملی سے پنجاب میں سینیٹرز بلامقابلہ منتخب ہوئے، تحریک انصاف سینیٹ کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، اپوزیشن نے ہمیشہ نوٹوں کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے،  وزیر اعظم عمران خان نے ہر سطح پر شفافیت کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اور پوری قوم اسے سراہتی ہے۔

پنجاب سے سینیٹ الیکشن میں بلامقابلہ منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار عون عباس بپی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی، صوبائی وزراء اور ارکان پنجاب اسمبلی بھی تقریب میں شریک ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے عون عباس بپی کو بلامقابلہ سینیٹرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک طرف کرپٹ عناصر ہیں اور دوسری طرف پی ٹی آئی کی ایماندار قیادت ہے، اپوزیشن کا ہر حربہ ناکام رہا ہے، اپوزیشن دوغلی سیاست کر کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی، ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھ رہا ہے، اڑھائی برس کے دوران عوامی خدمت پر فوکس کیا۔

 منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر مبارکباد دی، وزیر اعلیٰ نے شیخوپورہ کے علاقے میں بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔

وزیر اعلیٰ نے محکمہ اطلاعات و ثقافت کو بلوچ کلچر ڈے بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں بلوچ کلچر ڈے پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے، بلوچ کلچر ڈے کی طرح دیگر ثقافتوں کے دن بھی بھرپور طریقے سے منائیں گے۔

 

مزیدخبریں