(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنیوالے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو سیل کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی اورمشروبات فروخت کرنے والی کمپنیوں کونوٹس جاری کردئیے.
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہدکریم نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود بڑے ڈیپاٹمنٹل سٹورز شاپنگ بیگز استعمال کررہے ہیں،صارفین واویلا کرتے ہیں کہ شاپنگ بیگ کےبغیرچیزیں کیسے لیکر جائیں، جس پرعدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جو ڈیپارٹمنٹل سٹور پلاسٹک بیگز استعمال کر رہے ہیں انکو سیل کر دیاجائے.
بیان حلفی دینے والے سٹوروں کومزید سات دن کا وقت دیا جائے، ماحولیات کاخیال نہ رکھنے والوں کو کاروبار سے نکال دیا جائے،دنیا کے ممالک میں پلاسٹک بوتلز میں پانی بیچنا ترک کیا جاچکا ہے،جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ پلاسٹک بوتلوں میں پانی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو بھی نوٹسز جاری کر رہا ہوں،عدالت نے ماحول دشمن اشیاء کا خاتمہ کرانا ہے،اگلے مرحلے میں ریسٹورنٹس اور بیکریوں کوبھی قانون کے دائرے میں لایا جائےگا،جب تک ہم اپنا رویہ خود تبدیل خود نہیں کریں گے تب تک ماحول کوبہتر نہیں کیا جاسکتا.
عدالت نے پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی اورمشروبات فروخت کرنے والی کمپنیوں کونوٹس جاری کردئیے اور درخواست پر مزیدسماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔