نشتر پارک (وسیم احمد) پاکستان بھارت آرم ریسلنگ تیسرا ٹاکرا رواں سال اکتوبر نومبر میں دبئی میں ہوگا، ایشین آرام ریسلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
اپریل میں پاکستان آرم ریسلنگ ٹیم قازقستان کا دورہ کرے گی، یہ بات پاکستان آرم ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری قیصر خان نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر فیصل خان، عمران قریشی، شیخ ظہیر بابر اور عمران بٹ بھی موجود تھے۔
قیصر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام پانچویں نیشنل آرم ریسلنگ چیمپئن شپ 9 سے 11 اپریل تک لاہور میں منعقد ہوگی۔ چیمپئن شپ میں جینٹس، لیڈیز، یوتھ اور جونیئر کے 40 کیٹیگریز میں مقابلے ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں جس کی بنا پر پاکستان آرم ریسلنگ فیڈریشن 2021ء اور 2022ء میں منعقد ہونے والی ایشین آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کی ایشین کانگریس میں بولی دینگے جبکہ رواں سال پاکستان اور بھارت کے درمیان آرم ریسلنگ کا تیسرا ٹاکرا دبئی میں منعقد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ اپریل میں منعقد ہونے والی پانچویں نیشنل آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں چاروں صوبائی ٹیموں کے علاوہ گلگت بلتستان، اسلام آباد، پولیس، ریلویز اور کسٹمز کی ٹیمیں شرکت کرینگی۔ نیشنل چیمپئن شپ میں مینز، ویمنز اور ڈس ایبل کی 40 کیٹیگریز کے علاوہ سب جونیئر، جونیئر، یوتھ، سینئر اور ماسٹر کیٹیگریز کے مقابلے ہونگے۔