ہسپتال کے واش روم میں بچے کی پیدائش، وزیراعلیٰ کا نوٹس

28 Feb, 2020 | 11:15 AM

وقار نیازی

(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جناح ہسپتال میں واش روم میں بچے کی پیدائش کے واقعہ کا نوٹس لے لیا.

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جناح ہسپتال میں واش روم میں بچے کی پیدائش کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے، وزیر اعلی کی جانب سے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کی گئی ہے جبکہ وزیر اعلی نے حکم دیا ہے کہ اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کی جائے، انہوں نے کہا ہے کہ واش روم میں بچے کی پیدائش افسوسناک امر ہے۔ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے.

واضح رہے کہ واقعہ  جناح ہسپتال میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اڑھائی بجے کے قریب  ہوا۔ عذرا حماد نامی خاتون زچگی کیلئے گائنی ایمرجنسی میں آئی، ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نے مبینہ طور پر خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی اور اسے لیبر روم سے باہر نکال دیا، باہر جاتے ہی خاتون کی حالت بگڑ گئی اور ہسپتال کی مسجد کے واش روم میں اس نے بچے کو جنم دیدیا۔

خاتون کے شوہر حماد نے ون فائیو پر پولیس کو کال کی جس پر نومولود اور خاتون کو دوبارہ ہسپتال کے اندر لیجا کر داخل کیا گیا، ایم ایس  جناح ہسپتال ڈاکٹر یحیٰی سلطان نے ایسوسی ایٹ پروفیسر گائنی ڈاکٹر صائمہ ذکی کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

 ایسوسی ایٹ پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر احسن نسیم اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ طاہرہ بھٹہ کو کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے جبکہ انکوائری کمیٹی کو دو روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

لاہور میں یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ  گزشتہ ماہ شادباغ کی رہائشی خاتون نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے واش روم میں بچے کو جنم دیا تھا۔ خاتون نے بچے کو پیدائش کے بعد ٹینکی میں پھینک کر مارنے کی بھی کوشش کی تھی۔  ہسپتال میں موجود خاتون سویپر نے شور مچا کر بچہ ٹینکی سے نکال لی اتھا جبکہ بچے کو ٹینکی سے نکال کر فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

مزیدخبریں