قائداعظم میموریل فنڈ کی بحالی کیلئے 20ملین روپے کی منظوری

28 Feb, 2020 | 12:39 AM

Malik Sultan Awan

(عمران یونس) حکومت پنجاب کی جانب سے قائداعظم میموریل فنڈ کی بحالی کیلئے کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ نے 20ملین روپے کی منظوری دے دی۔
وزیرخزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیرصدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 29واں اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، مشیر وزیراعلیٰ برائے مالی و ترقیاتی امور ڈاکٹرسلمان شاہ، سیکرٹری ٹو سی ایم افتخار سہو، چیف سیکرٹری اعظم سلیمان، سیکرٹری فنانس عبداللہ سنبل، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عمران سکندر اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے کل چودہ سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیرخزانہ پنجاب نے کمیٹی کی جانب سے قائد اعظم میموریل فنڈ کی بحالی کے لیے20 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دیتے ہوئے اسے پروونشیل کمیٹی کا موضوع قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے تمام ایجنڈے جن میں دیگر صوبائی حکومتیں شامل ہوں پرو نشیل کمیٹی میں پیش کیے جائیں۔

صوبائی وزیر نے ڈی جی خان میں سینٹری سسٹم کی مرمت اور میٹرو پولیٹن کی واجب الادا رقوم کی ادائیگی کے لیے200ملین روپے کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ مقامی حکومتیں اور ادارے انتظامی امور کی ادائیگی کے لیے اپنے ذاتی وسائل بھی بروئے کار لائیں اور خود کفالت پر توجہ دیں۔ کمیٹی کی متفقہ رائے سے گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی جانب سے سیالکوٹ سکیم کو بجلی کی فراہمی کے لیے گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو منتقل کردہ زمین پر صوبائی ٹیکسوں کے خاتمے کی منظوری دے دی گئی۔

مزیدخبریں