(حافظ شہبازعلی) پاک بھارت کشیدگی کے باوجود شہرمیں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں، کرکٹ آرگنائزرز نے میدانوں میں جنگی ترانے لگا کر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔
کرکٹ آرگنائزر اور سینئر کرکٹرز کہتے ہیں کہ پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دے کر پوری قوم کا سرفخرسے بلند کردیا ہے۔ پاک فوج کی طرف سے بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر کرکٹ کمیونٹی بھی خوشی سے سرشار ہے، سرحدوں پر کشیدگی کے باوجود شہرمیں کرکٹ سرگرمیاں جاری رہیں اور کرکٹ آرگنائزرز نے شاہ فیصل گراؤنڈ پرپاک فوج سے اظہاریکجہتی کیا۔
جذبہ حب الوطنی ابھارنے اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گرائونڈ میں جنگی ترانے بھی بجائے گئے، کرکٹ آرگنائزرز اورسینئرکرکٹرز کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی طیارے گراکر مودی سرکار کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاک سرزمین کی طرف اٹھنے والی ہر آنکھ نکال لی جائے گی۔سینئر کرکٹرز کا کہنا تھا کہ اگربھارت نے دوبارہ ایسی غلطی کی تواس کو اس سے بھی زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
کرکٹ آرگنائزرز اور سینئرکرکٹرزکا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم آج بھی بھارت کو پرامن رہنے کی دعوت دے رہے ہیں مگر ہماری پرامن رہنے کی دعوت کو ہماری کمزروی سمجھنا بھارت کی حماقت ہوگی۔