لاہوریوں کی بھارتی سورماؤں کو دبنگ للکار

28 Feb, 2019 | 01:17 PM

Sughra Afzal

(سٹی42) بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور پاک فضائیہ کی طرف سے بھارتی لڑاکا طیارے مار گرانے پر لاہوریئے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ شہر کی ہر گلی، ہر سڑک پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔زندہ دل لاہوریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف اُٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو پھوڑ دیں گے، بھارتیوں کا جنگی جنون خاک میں ملا دیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے زیر اہتمام مال روڈ پر ریلی نکالی گئی، وکلاء نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی، لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر حفیظ الرحمن چودھری کی سربراہی میں جنرل ہاﺅس اجلاس میں ہائیکورٹ بار نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے حق میں قرارداد منظور کر لی۔

ٹولنٹن مارکیٹ سے کینال برج تک پولٹری ٹریڈرز کی ریلی میں صدر انجمن تاجران ملک امانت، صدر پولٹری ٹریڈرز محمد طارق، ملک زمان نصیب سمیت سینکڑوں تاجر ریلی میں شریک ہوئے۔ جوہر ٹاﺅن پراپرٹی ڈیلرز، انجمن تاجران غازی روڈ، انجمن تاجران بلوچ روڈ مکہ کالونی اور لبرٹی مارکیٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ تاجروں کی ریلیوں میں بھارتی پرچم اور بھارتی وزیر اعظم کے پتلے جلائے گئے۔

منی مزدا ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چودھری تنویر اور پاکستان ٹریڈرز الائنس کے مرکزی صدر محمد علی میاں کی سربراہی میں پاکستان منی مزدا ایسوسی اور پاکستان ٹریڈرز الائنس نے فیروز پور روڈ پر ریلی نکالی۔

بانو مارکیٹ کے تاجروں نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ گلشن راوی میں پاکستان نوجوان اتحاد کے زیراہتمام ریلی میں مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ انجینئرنگ یونیورسٹی کے طلبا نے بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا اور پاک فوج کو سلام پیش کیا۔ مظاہرے میں یونیورسٹی کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

 اسلامی جمعیت طلبا کے زیر اہتمام گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز سے کرش انڈیا مارچ کیا گیا۔ شرکاء کی بھارت مخالف نعرے بازی جبکہ ریگل چوک پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے نذر آتش کیے گئے۔ چیئرنگ کراس پر بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر نذر آتش کی گئیں۔

مزیدخبریں