عیسیٰ ترین،اقصی شیخ،کومل اسلم: محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید سردی اور چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
باغوں کے شہر لاہور میں موسم مطلع ابر آلود ہے اور یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔لاہور میں دسمبر کی دوسری بارش نے فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی کر دی ۔ بارش کے بعد ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 140 ریکارڈ کی گئی جو کہ شہر کی فضا کی صفائی کا عکاس ہے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں فرق پایا گیا۔ فیز 8 ڈی ایچ اے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 261، امریکی قونصلیٹ میں 201، عسکری ٹین میں 183 اور جوہر ٹاؤن میں 165 ریکارڈ کی گئی۔
شہر قائد میں سرد ہواؤں کا راج برقرار، شہر کا موسم سرد اور خشک رہےگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہےاور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔شمال مشرق سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہےجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 32 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔فضائی معیار کی بات کی جائے تو کراچی کا فضائی معیار مضر قرار دیا گیا ہے۔ شہر میں موجود آلودہ ذرات کی مقدار 169 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو آلودگی کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد ہو گا۔کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 اور ژوب میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 4 اور تربت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 2 اور چمن میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 اور جیوانی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب ، خیبر پختو نخوا کے زیادہ ترمیدانی علا قوں اور با لا ئی سندھ میں سموگ/درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، ا وکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہا ولنگر، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر کہرا پڑنے کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر دھند پڑنے کی توقع ہے۔گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی موسم شدید سرد اور چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔