حسن علی: "سفرِ بینظیر رُکا نہیں تھما نہیں"ملک بھر کے طول و عرض سے شہید بی بی کے لاکھوں پرستاروں کی طرح لاہور سے بھی ہزاروں پرستار شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے روز انہیں سلامِ عقیدت کہنے کے لئے گڑھی خدا بخش کے شہدا قبرستان گئے۔
لاہور سے خصوصی ٹرین "سفرِ بینظیر " میں سفر کر کے گڑھی خدا بخش جا جر فاتحہ کہنے اور سلامِ عقیدت پیش کرنے والوں میں ہر عمر کے مرد و خواتین شامل تھے۔
لاہور سے جانے والے پرستاروں نے بتایا کہ سفرِ بینظیر شہید بی بی کو ہم سے رخصت ہونے کے سترہ سال بعد پہلے سے بھی زیادہ جوش و خروش سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ملک بھر کے ہر علاقہ سے بی بی شہید کی فکر کے وارث، جمہوریت کی شمع کے پروانے ہر سال گڑھی خدا بخش مین شہدا کے قبرستان مین جمع ہوتے ہیں، سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اپنی روحوں کو شہید بی بی کے افکار کی روشنی سے نئے سرے سے منور کر کے واپس جاتے ہیں۔
کئی سال بعد اس برسی کے موقع پر لاہور سے شہید بی بی کی برسی کے اجتماع میں جانے کے لئے خصوصی ٹرین 26 دسمبر کو چلائی گئی تو اس سال برسی میں شرکت کے لئے وسطی پنجاب سے آنے والے کارکنوں کی تعداد بڑھ گئی۔ اس ٹرین کا اہتمام کرنے مین پاکستان پیپلز پارٹی وسطیٰ پنجاب کے سیکرٹری جنرل حسن مرتضیٰ، گورنر سردار سلیم اور دیگر رہنماؤں نے خصوصی کاوش کی۔
جیالوں نے بتایا کہ ہم ملک کے طول و عرض سے یہاں جمع ہو کر جمہوریت کی دشمن قوتوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ سفرِ بینظیر رکا نہیں۔
شہدا کے قبرستان میں دفن شہیدوں کی طویل فہرست ہے جمہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو بحال کرنے، قائم رکھنے ور مستحکم کرنے میں زندگیاں قربان کر دیں۔ ان قبروں کی زیارت کرنے والوں کے دلوں میں جمہوریت کی محبت پہلے سے زیادہ شدید ہو جاتی ہے اور برسی کے جلسہ میں لاکھوں ہم خیال ایک دوسرے کو دیکھ کر نئے سرے سے چارج ہو جاتے ہیں۔
26 دسمبر کو لاہور سے نوڈیرو کے لیے روانہ ہونے والی خصوصی ٹرین سفر بے نظیر شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن نوڈیرو پہنچی۔۔ جیالے جئے بھٹو کے نعرے لگاتے ہوئے نوڈیرو اترے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے وفد کی قیادت کی۔ اس مرتبہ بھٹو شہید کے خاندان کے مزار پر حاضری دینے اور شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جیالوں کا سمندر امنڈ آیا۔
سٹی42 کے کیمرہ مین کاشف بیگ اور انجم شہزاد اور رپورٹر حسن علی نے گڑھی خدا بخش میں شہید رانی کی برسی کی تقریبات کی کوریج کے لئے لاہور سے نوڈیرو تک جیالوں کے ساتھ سفر کیا۔