حسن علی : استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان دینا یا واپس لینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ انتخابی نشان کی بیساکھیوں سے لولی لنگڑی پارٹی کو دوبارہ کھڑا نہیں کیا جا سکتا۔
جہانگیر خان ترین نے موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو یکطرفہ اور عجلت میں ہونے والے فیصلوں پر سخت تشویش ہے، ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والے دوبارہ کسی طور رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے۔ جہانگیر خان ترین نے سوال کیا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو مجروح کرنے والوں سے نرمی کیوں برتی جائے ؟
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال ملکی معیشت سے کھلواڑ کیا۔ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ بظاہر حدود سے تجاوز اور عوامی امنگوں کے برعکس ہے۔ ماضی میں لاہور ہائی کورٹ پر اعتراض کرنے والے اب من پسند فیصلوں پر کیوں خاموش ہیں ؟