ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت 2 روزہ کور کمانڈر اختتام پذیر ، شرکاء کا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف سختی سے نمٹنے کا عزم ۔
تفصیلات کے مطابق 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ، کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا،جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ،شرکاء نے شہدائے پاکستان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہداء کے ایصال و ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی،فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا،شرکاء نے بھارتی فوج کی معصوم شہریوں کے اغواء، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادرکشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں،پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ، کانفرنس کے شرکاء نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیاکانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ،پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی“فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی موقف کا اعادہ کیا۔
فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا
فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا، ’’پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی ، شرکاء نے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاءکو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔