نئی دہلی: روس کے رکن پارلیمنٹ اور بڑی روسی فوڈ انڈسٹری ولادیمیر اسٹینڈرڈ کے مالک پاویل اینتونوف بھارت میں پراسرار طور پر ہلاک ہو گئے ہیں۔
مؤقر بھارتی جریدے اکنامک ٹائمز کے مطابق آنجہانی پاویل اینتونوف بھارتی ریاست اڑیسہ کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے، اسی کی تیسری منزل پر واقع کھڑکی سے پراسرار طور پر گر کر ہلاک ہوئے ہیں، پولیس نے 65 سالہ پاویل کی خون میں لت پت نعش ہوٹل کے باہر سے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاویل کا شمار روس کے امیر ترین افراد میں ہوتا تھا، انہیں روسی پارلیمنٹ کا امیر ترین شخص بھی کہا جاتا تھا۔
حیرت انگیز طور پر پولیس کو 22 دسمبر کے دن اسی ہوٹل میں روس کے رکن پارلیمنٹ اینتونوف کے ساتھی ولادیمیر بدینوف بھی اپنے کمرے میں بیہوش ملے تھے جنہیں اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ وہ مر چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ خودکشی کا لگتا ہے کیونکہ پاویل اپنے دوست کی موت پر بیحد افسردہ تھے۔
نئی دہلی میں قائم روسی سفارتخانے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریاست اڑیسہ کی پولیس کو پچھلے دو دنوں کے دوران اس کے دو شہریوں کی ایک ہی ہوٹل میں ہلاکت کے درمیان مجرمانہ تعلق یا کارروائی کے شواہد نہیں ملے ہیں۔